Justuju Tv جستجو ٹی وی


The All New Justuju Web TV Channel

کلام و کائنات مصور: مخزن غزلیات میں خوش آمدید

Friday, March 20, 2009

خاکی

کسکو اب محرم بنائوں کسکو سمجھوں رازداں

یوں تو سب معلوم ہوتے ہیں مجھے ہمراز سے



خاکی



اک زمانہ ہے کہ غافل ہے مری آواز سے

ہورہا ہوں منفعل یا رب نوائے راز سے


ٹوٹ جائے دل نہ فریاد شکست ساز سے

یہ فضا معمورہے ہر دم نوائے راز سے


جب میں ہوجاتا ہوں غافل بزمِ سوزوسازسے

جاگ اٹھتا ہے مرادل غیب کی آواز سے


خاک کے ذرّوں سے کمتر جانتا ہوں خودکومیں

اب یہ حالت ہے مری ذوقِ فلک پرواز سے


باغمیں اڑتے ہوئے دیکھی ہے خاکِ عندلیب

خوب واقف ہوں فریبِ حسرتِ پرواز سے


تیرے صدقے تیرے قرباں اے نگاہِ منفعل

کردیا آگاہ تو نے معصیت کے راز سے


دل میں جبتک درد کا احساس ہے زندہ ہونمیں

ہے مگر آغاز ہستی درد کے آغاز سے


کسکو اب محرم بنائوں کسکو سمجھوں رازداں

یوں تو سب معلوم ہوتے ہیں مجھے ہمراز سے


میں جہاں پرواز کرتا ہوں، وہاں *گردوں نہیں

پست عالم کی فضائیں ہیں مری پرواز سے


میں دھواں بنکر بساطِ حسن پر چھاجائونگا

آشنا ہوجائونگا جب دلکے سوزوساز سے


ابتدا صبح ازل ہے انتہا شامِ ابد

لو حدِ انجام ملتی ہے حدِ آغاز سے


نوعِ انساں سے ہے تکمیل ظہورِ لم یزل

یہ ملا اعزاز اسکو عقل کی پرواز سے


خاک میں ملکر ہوا حاصل یہ اعزازِ کمال

ہورہا ہوں آشنا میں فطرتِ پرواز سے


کرتے دنیائے وفا تعمیر ہر ذرہ میں ہم

ہوگئے بے بس مگر، وضع زمانہ ساز سے


ٹوٹتے ہی دل ہوا خاموش سازِ کائنات

آشنا میں ہورہا ہوں اب نوائے راز سے


اشک خونی نے نشاں بربادیء دل کا دیا

ملگیا ہمکو پتہ، انجام کا، آغاز سے


چشمِ اشک آلود کہتی ہےیہ دلسے ہمنفس

جو عیاں ہے منظرِ ہستی کے ہرانداز سے


ہوکے میں بے ساز بھی ہوں سازگارِ کائنات

تم نہیں آگاہ جذبات دلِ ناساز سے


مل رہا ہے ہستیء دل کے تغیّر کا پتہ

عشقِ غم انجام سے حسنِ وفا آغاز سے


اے فریبِ نفس تو للہ مجھ پررحم کر

میں ہوں بالاتر کہیں! دنیائے حرص و *آز سے


گو مصور ہم علوِ شعر کے قابل نہیں

اڑتے ہیں اپنی ہوا میں، اپنی ہی پروازسے

آسان اردو - جستجو میڈیا

آز= آزمند، لالچی


پیارے قارئین۔ سلام

جیسا کہ آپ ملاحظہ کررہے ہیں، اس ویب بک میں کلام کی اشاعت اردو یونی کوڈ فارمیٹ میں کی جارہی ہے۔ تاہم کاغذی ورژن، انشااللہ، نستعلیق رسم الخط میں شائع کیا جائیگا۔

اس غزل کے ایک تجرباتی نستعلیق نسخہ کیلیے یہاں کلک کیجیے۔


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects