جستجو میڈیا ریسرچ ریفرنس Reading Guideریڈنگ گائیڈ
غزل کیا ہے؟
an amatory poem, an ode انگریزی: ۔۔
لغوی معنی عورتوں کے ساتھ بات چیت اور عشق بازی (شاعری) وہ صنف سخن جس میں عموماً حسن و عشق، وصال و فراق، شراب و شباب، یاس و حرماں اور تصوف و معرفت وغیرہ کی باتیں کہی جائیں لیکن غزل اس کے حدبندی کی پابند نہیں رہی، اب اس میں ہر قسم کے موضوعات و مسائل نظم کیے جاتے ہیں غزل ہر بحر میں کہی جاتی ہے، اس کا ہر شعر عموماً جداگانہ مضمون کا حامل ہوتا ہے، اس کا پہلا شعر مطلع کہلاتا ہے، جس کے دونوں مصرعے ہم ردیف اور ہم قافیہ ہوتے ہیں۔ باقی اشعار کے مصرع ثانی میں قافیہ ہوتا ہے۔ آخری شعر جس میں شاعر کا تخلص ہو مقطع کہلاتا ہے سب سے عمدہ شعر کو شاہ بیت کہتے ہیں۔
آپ ملاحظہ کریں گے کہ جستجو میڈیا نے مولانا مصور کی غزلیات و منظومات سے شاہ بیت چن کر نمایاں کیے ہیں، اور مرکزی یا عمدہ ترین خیال کے مطابق انہیں تصاویر اور خاکوں سے مزین کیا ہے۔ دل چسپ امر یہ ہے کہ اگر کسی غزل میں ہر شعر میں علاحدہ مضمون ظاہر کرنے کے بجائے ایک ہی خیال کی لڑیاں پروئی جائیں تو وہ ایک "غزل مسلسل" کہلاتی ہے۔ چنانچہ یہاں نظم اور غزل ایک دوسرے کے گلے لگے نظرآتی ہیں۔ مولانا محمد ابوبکر مصور کے کلام میں یہ خوبی نمایاں ہے۔ آپ اس موضوع پر مزید دل چسپ گفتگو پڑھنا چاہیں تو مندرجہ ذیل ربط ملاحظہ کریں: ۔
جناب مولانا مصور کےکلام میں ایک اور انوکھا پن جو آپ ملاحظہ کررہے ہوں گے وہ یہ ہے کہ بیسویں صدی کے اوائل تک اردو کے کئی مرکب الفاظ فارسی کے تتبع میں ملاکر بھی لکھے جاتے تھے۔ جیسے کہ آپکا / آپ کا، انکا / ان کا، آسمانسے / آسمان سے وغیرہ۔ چنانچہ ہم نے کچھ غوروفکرکے بعد انہیں اپنی اصلی حالت ہی میں آپ کے سامنے پیش کردیا ہے۔ اس طرح کلاسیکی اردو کی تاریخ کا یہ حصّہ محفوظ کرنے میں مدد ملی ہے۔ واضح رہے کہ ایران میں آج بھی جدید صحافت میں اردو کے مقابلہ میں کئی الفاظ مرکب شکل میں کتابت کیے جاتے ہیں۔
آپ کی سہولت کے لیے ہم نے اردو لغت اور انسائیکلوپیڈیا کے روابط بھی فراہم کردیے ہیں۔ جہاں کوئی لفظ یا خیال سمجھنے میں دقت ہو، ان مصادر معلومات سے استفادہ کریں۔
یہاں ہم یہ واضح کردیں کہ مولانا کے کلام کے عنوانات ہم نے تجویز کیے ہیں۔ ورنہ عام طور پر غزلوں پر عنوان دیے جانے کا رواج نہیں۔
ہم نے یہ محسوس کیا ہے کہ پاکستان سے باہر اردو داں طبقہ کی نئی نسلیں کلاسیکی اردو ادب سے ناواقف ہیں۔ ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور سہولت کے لیے جستجو میڈیا ایک قدم آگے بڑھا ہے، اور یہ سعی اور کاوش کی جارہی ہے کہ ایسے الفاظ کے معنی قارئین کے لیے پیش کردیے جائیں جو اب عام استعمال میں نہیں، اور مغربی ممالک میں پلنے اور بڑھنے والی نئی نسلیں ان سے استفادہ کرسکیں۔
رَدِیْف [رَدِیْف] (عربی) وہ لفظ یا الفاظ جو ابیات یا غزل اور قصیدے کے اشعار میں قافیے کے بعد بار بار آئیں۔
قافِیَہ [قا + فِیَہ] (عربی) ۔۔ [ عروض ] پیچھے چلنے والا؛ چند حروف و حرکات کا مجموعہ جس کی تکرار الفاظ مختلف کے ساتھ آخر مصرع یا آخر بیت یا دو فقروں کے آخر میں پائی جائے۔ خواہ وہ الفاظ لفظاً مختلف ہوں یا معناً۔
No comments:
Post a Comment